کھلی کچہریوں میں شکایات اداروں پر تحفظات کا اظہار:ظفر اقبال

عوام کے مسائل کو نظر انداز کر نا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن ظفر اقبال نے کہا ہے کہ کھلی کچہریوں میں آنے والے سائلین اور ان کی طرف سے شکایات سرکاری اداروں کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار ہے ، سرکاری افسران اور ملازمین کی طرف سے عوام کے مسائل کو نظر انداز کرنے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا،ڈپٹی کمشنر سرگودہا سلوت سعید کے ہمراہ لگائی جانے والی کھلی کچہری میں کمشنر نے کہا کہ کھلی کچہری میں انتظامی اداروں سے متعلق وصول کی جانے والی تمام شکایات کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ عوام الناس کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ کر ر کھیں تاکہ حکومت کی طرف سے کھلی کچہریوں کے انعقاد جیسے اقدامات کا ثمر براہ راست شہریوں کو ریلیف کی صورت میں ملے ، کھلی کچہری میں مجموعی طو رپر21 سائلین نے پیش ہو کرمحکمہ ریونیو ’ تعلیم ’ صحت ’ ماحولیات اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سے متعلق اپنے مسائل وشکایات تحریری اور زبانی پیش کیں جبکہ دو سائلین کی طرف سے مالی امداد کی درخواستیں بھی پیش کی گئیں ۔