ننکانہ،وکلا کے تشددکیخلاف لیسکو ملازمین کی احتجاجی ریلی، دھرنا

لائن سپرنٹنڈنٹ جھوٹی کہانی پر 8مقدمات درج کروا چکے ہیں : ننکانہ بار

ننکانہ صاحب (خبر نگار)لیسکو ملازمین نے وکلاکے تشدد کے خلاف سرکل ننکانہ صاحب کے تمام دفاتر کی تالا بندی کر کے قلم چھوڑ ہڑتال کی اور سرکل آفس لیسکو سے چوک بیری والا تک احتجاجی ریلی نکالی ،شرکا نے چوک بیری والا میں دھرنا دیا ۔ادھر سانگلاہل میں بھی واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے عہدیداروں کی قیادت میں ملازمین نے دفاتر کی تالا بندی کی اور احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ ملزمان کیخلاف کارروائی تک احتجاج جاری رکھیں گے ، ادھر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ننکانہ صاحب کے صدر رائے عابد حسین کھرل اور جنرل سیکرٹری حافظ غلام شبیر نے اپنے بیان میں کہاکہ لائن سپرنٹنڈنٹ ابن حسن نے بار ممبر کے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور سامان چوری کیا، درخواست کے باوجود پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا، جبکہ لائن سپرنٹنڈنٹ جھوٹی کہانی پر 8مقدمات درج کروا چکے ہیں جو قابل مذمت ہیں