گلگت: 14سالہ لڑکا زیادتی کے بعد قتل

گلگت کےضلع غذر کے علاقے اشکومن تشنلوٹ میں 14 سال کے لڑکے کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، واقعے کیخلاف اور پولیس تحقیقات میں سست روی پر سول سوسائٹی نے گلگت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

گلگت میں زیادتی کے افسوسناک واقعے کیخلاف سوسائٹی سراپا احتجاج بن گئی۔ گلگت پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرے کیا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس نے شک کی بنیاد کچھ افراد کو پکڑا تاہم اصل مجرم کوئی اور ہے، لواحقین تحقیقات سے مطمئن نہیں، مظاہرین نے واقعہ پر انسداد دہشت گردی ایکٹ لاگو کرتے ہوئے جوائنٹ انسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینےکا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے گورنر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات، انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کا نوٹس لیں اور متاثرین کو انصاف فراہم کریں۔مظاہرین نے پولیس کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔

چودہ سال کے دیدار حسین کو چار فروری کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا گیا تھا جبکہ لاش دو روز بعد دریائے اشکومن کے کنارے سے ملی تھی۔